مشکل معاشی صورتحال کے باوجود نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم  شہباز شریف

57

اسلام آباد۔23فروری  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے امید ظاہر کی ہے کہ نوجوان کامیاب یوتھ لون پروگرام کے تحت قرضہ حاصل کرکے اپنے کاروبار کو فروغ دے کر ملکی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے، مشکل معاشی صورتحال کے باوجود نوجوانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہیں، نوجوانوں کیلئے گزشتہ قرض سکیموں میں ریکوری کی شرح 99 فیصد رہی، ماضی میں اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے گئے جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یوتھ بزنس و ایگریکلچر لون سکیم کے تحت قرضہ حاصل کرنے والے کامیاب درخواست دہندگان میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت آج جو قرضے دیئے گئے ہیں وہ 2013ء کا تسلسل ہے  جب اس وقت کے  وزیراعظم نواز شریف نے پورے پاکستان میں قوم کے نوجوانوں بیٹوں اور بیٹیوں کیلئے قرضوں کا پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ملک بھر میں اربوں روپے قرضے تقسیم کئے گئے، ملک کی معیشت اور نوجوانوں کو فائدہ ہوا، صوبہ پنجاب سے اس سکیم کا آغاز کیا، وزیراعلیٰ پنجاب روزگار سکیم شروع کی گئی تھی، کسان بھائیوں کیلئے بلاسود قرض سکیم شروع کی تھی، پھر 75 ہزار گاڑیاں بے روزگار نوجوانوں میں تقسیم کیں جس کی ریکوری 99 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک غلط تاثر تھا کہ افراد کو بینک قرضے دیں گے تو وہ ریکور نہیں ہو سکیں گے، کسانوں، نوجوانوں کی قرضوں کی سکیم اور دیگر ایسے پروگرام جن کے تحت قرضے تقسیم کئے گئے 99 فیصد ریکوری رہی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان حکومت سے قرضہ لے کر کاروبار کرتے ہیں، منافع کماتے ہیں اور قرضہ واپس کرتے ہیں، کاروباری حضرات فرض شناسی سے اپنے لئے گئے قرضے منافع کما کر واپس کرتے ہیں، نوجوانوں نے قرضے معاف نہیں کرائے، بڑے کاروباری ادارے قرضے معاف کراتے ہیں، ماضی میں اربوں روپے کے قرضے معاف کرائے گئے جس سے ملکی معیشت کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں ملک کی محبت کوٹ کوٹ کر بھری ہے، اگر ان کو مواقع فراہم کئے جائیں تو ان کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شزہ فاطمہ خواجہ، ان کی ٹیم، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم، گورنر سٹیٹ بینک، صدر پنجاب بینک، حبیب بینک سمیت دیگر بینکوں کا اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تعاون پر شکرگزار ہوں، اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے شراکت دار بھرپور تعاون کریں، اس پروگرام کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنے خاندن، معاشرے اور پاکستان کیلئے سرتوڑ کوشش کرکے اپنے کاروبار میں کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی صورتحال کے تناظر میں حکومت نے کفایت شعاری پروگرام شروع کیا ہے، اس پروگرام سے 200 ارب روپے کی بچت ہو گی، اخراجات کم کریں گے اور نوجوانوں کیلئے فنڈز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے ہر قربانی دیں گے تاکہ شبانہ روز محنت سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں کیونکہ ملک کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لون پروگرام میں بھرپور تعاون پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، اخوت، این آر ایس پی سمیت دیگر شراکت داروں کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ لون سکیم کے تحت ملک بھر کے قابل اور مستحق نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کئے جائیں گے، یہ لیپ ٹاپ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں نوجوانوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگ کہتے تھے کہ شہباز شریف نوجوانوں کو لیپ ٹاپ رشوت میں دے رہا ہے، یہ لیپ ٹاپ نوجوانوں کیلئے روزگار کا ذریعہ بن چکے ہیں، کورونا کے دوران تعلیم کا ذریعہ بن گیا، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے رہا ہوں کلاشنکوف نہیں۔