اسلامی تعلیمات کےمطابق خواتین کوان کےجائیدادکےحقوق کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے؛بیگم ثمینہ عارف علوی

9

ملتان،24فروری  (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے سے خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کیلئے کوششٍ تیز کرنا ہوں گی ، پاکستان میں اسلامی تعلیمات کےمطابق خواتین کوان کےجائیدادکےحقوق کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کو سوشل ویلفیئر کمپلیکس ملتان میں انسداد تشدد مرکز برائے خواتین کے دورہ  کے دوران کیا ۔ حکام نے انہیں مرکز   میں  دی جانے والی سہو لیات اور مختلف شعبوں کے کام سے متعلق بریفنگ دی۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے خاتون اول نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا،اسلام نے مرد اور خواتین کے حقوق اور فرایض کا تعین کر دیا ہے،ایک مثالی اسلامی معاشرے میں جو حقوق خواتین کو حاصل ہوتے ہیں وہ کسی دوسرے معاشرے میں حاصل نہیں،پاکستان میں خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں آگے لانے پر توجہ دی جارہی ہے، مگر ان کوششوں کو مزید تیز  اورمؤثربناناہوگا۔انہوں نے  کہا کہ ملک بھر میں خواتین کو ان کے جائیداد کے حقوق کے حصول کیلئے متعلقہ اداروں اورانسداد ِتشدد مراکز برائے خواتین سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے تاکہ تشدد یا زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین کو مشکلات سے نہ گزرنا پڑے۔

بیگم ثمینہ علوی نےکہاکہ پاکستان میں خواتین کےحقوق کے لیے قوانین موجود ہیں  مگر ان پر مکمل انداز میں عمل درآمد کی ضرورت ہے۔ ملتان میں قائم انسداد تشد مرکز برائے خواتین کے حوالے سے بات کرنے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ مرکز ون ونڈو آپریشن کی خدمات فراہم کرتا ہے اوریہاں تشدد یازیادتی کانشانہ بننے والی خواتین کوتحفظ دیا جاتا ہے۔انہوں نے انسدادتشددبرائےخواتین مرکزملتان کےکام کوسراہتےہوئے مرکز سے متعلق زیادہ سے زیادہ  آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ اس  حوالے سے سکولوں، مارکیٹ، ہسپتا لوں،ریلوے سٹیشنز ،ائیر پورٹس،پولیس تھانوں اور عدالتوں سمیت دیگر اہم مقامات پر آگاہی پمفلٹس لگائے جائیں۔انسداد ِتشدد مرکز برائے خواتین ون ونڈو آپر یشن کی حیثیت رکھتا ہے جہاں  خواتین کو تحفظ دیا جاتا ہے ۔

ثمینہ عارف علوی نے کہاکہ انسداد تشدد مرکز کا مقصد تشدد یا زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین کو مشکلات سے بچانا اور انہیں تحفظ فراہم کرناہے۔متاثرہ خواتین ٹول فری نمبر 1043پررابطہ کر کےانسداد تشدد مرکز برائے خواتین کو اپنی شکایات سے آگاہ کر سکتی ہیں، جس کے بعدمرکز کی جانب سے انھیں ہر قسم کی مدد فراہم کی جاتی ہے،متاثرہ خاتون کے گھر جا کر مدد فراہم کی جاتی ہے ،اگرمتاثرہ خاتون کوسینٹر لانے کی ضر ورت محسوس ہوتی ہےتو انھیں وہاں لایاجاتا ہے جہاں خواتین پولیس اہلکار ان کی ایف آئی آر درج کرتی ہیں ،خوا تین کی مدد اور مشورے فراہم کیے جاتے ہیں اور اگر تشدد ہواہوتوطبی سہولیات بھی دی جاتی،اس کے علاوہ مرکز میں شیلٹرہوم اورپراسیکیوشن کی سہولت بھی موجود ہے۔