سازش کے تحت عمران خان کو اقتدار نہ سونپا جاتا تو ملک بحران کا شکار نا ہوتا؛ سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب

27

اٹک،24 فروری (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ(ن) پنجاب کے سینئر نائب صدر، سابق وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا تھا اور خزانہ بھرا ہوا تھا، ملک بھر میں تعمیر و ترقی کا دور دورہ تھا لیکن 2018 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) اکثریتی سیٹیں حاصل کرکے بھی ایک سازش کے تحت اقتدار سے محروم رہی اور عمران خان کو وزیر اعظم بنا کر قوم پر مسلط کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل بہادر خان میں سابق وائس چیئرمین ملک محمد نعیم خان کی جانب سے منعقدہ سوئی گیس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ عمران خان کو وزیر اعظم بنانے  کا نقصان یہ ہوا کہ ملک پیچھے چلے گیا، تعمیر و ترقی رک گئی اور قومی خزانہ خالی ہو گیا جس کے اثرات آج بھی قوم بھگت رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایک فٹ چوڑی پائپ لائن سے ضلع اٹک اور علاقہ چھچھ میں سوئی گیس کم پریشر کا مسئلہ ہمیشہ کیلئے حل ہو جائے گا۔

اس موقع پر ایم پی اے جہانگیر خانزدہ، امیدوار صوبائی اسمبلی شیخ سلمان سرور، لیگی رہنما شیخ محمد اجمل، صدر مسلم لیگ (ن) تحصیل حضرو ملک انصار، مسلم لیگ(ن) حضرو کے رہنما محمد طلال بٹ، علی اصغر، فوجی لالہ غورغشتی، ملک صدیق اعوان سمیت مسلم لیگ(ن) کے عہدیداران اور محکمہ سوئی گیس کے حنیف خان و افسران بھی موجود تھے۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور پی ڈی ایم حکومت پی ٹی آئی اور عمران خان کا پھیلایا گند صاف کرنے میں مصروف ہیں، مہنگائی، لاقانونیت، بد امنی اور دگر گوں حالات سب کچھ عمران خان کا پیدا کردہ ہے جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان قوم کے سامنے بری طرح بے نقاب ہو گئے ہیں، ان کے تمام ڈرامے فلاپ ہو گئے ہیں، وقت تھوڑا کٹھن ضرور ہے لیکن انشاء اللہ میاں نواز شریف، میاں شہباز شریف اور اتحادی جماعتوں کی قیادت سے ملک بھنور سے نکل جائے گا اور الیکشن میں ہم دو تہائی سے جیتیں گے۔