ملتان،28 فروری(اے پی پی): ایجوکیشن یونٹ سٹی ٹریفک پولیس ملتان کی جانب سے ایس پی چوک پر آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا کیمپ کا مقصد عوام الناس کو روڈ سیفٹی قوانین سے روشناس کروانا ہے۔ سی ٹی او ملتان راؤ نعیم شاہد نے خصوصی طور پرشرکت کی۔ ریسکیو 1122، سٹوڈنٹس اور شہریوں کی کثیر تعداد نے آگاہی کیمپ میں شرکت کی۔ اس موقع پرچیف ٹریفک آفیسر ملتان محمد نعیم شاہد (ایس پی) نے روڈ یوزرز میں پھول تقسیم کئے اور انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس اور عوام مل کر حادثات میں کمی لا سکتے ہیں۔شہری حادثات سے بچنے کے لئے سیفٹی ہیلمٹ اور سائیڈ ویو مررز کا استعمال کریں۔
انچارج ایجوکیشن یونٹ سہیل احمد انسپکٹرنے شہریوں کو لین لائن ڈسپلن بارے لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل سوار انتہائی بائیں لین میں رہتے ہوئے ڈرائیونگ کریں تاکہ ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ حادثات کی شرح کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ٹریفک قوانین کی عملدرآمد سے ہی زندگی میں آگے بڑھا جا سکتا ہے۔ ایک ہفتے تک یہ آگاہی کیمپ جاری رہے گا۔ حادثات کی روک تھام کے لیے شہریوں کو قوانین بارے آگاہی فراہم کرنا اور شہریوں کی جانب سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا اہم چیز ہے۔ جب تک لوگوں میں شعور اجاگر نہیں کیا جائے گا لوگ قوانین پر عمل نہیں کریں گےآخر میں انہوں نے روڈ یوزرز میں پمفلٹ و بروشرز تقسیم کئے اور شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے 24/7 لائسنسنگ سروس کے بارے میں بتایا۔











