اوکاڑہ:خانہ و مردم شماری کے دوران ,پولیس، ریسکیو1122،ٹریفک پولیس کی گاڑیوں کا فلیگ مارچ

13

اوکاڑہ،02مارچ )اے پی پی)  :مردم شماری وخانہ شماری کے آغاز پر اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ ،پولیس،ریسکیو1122،ٹریفک پولیس کی گاڑیوں پر مشتمل فلیگ مارچ کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ نے کہا کہ ضلع میں خانہ و مردم شماری کے دوران امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے ،سیکیورٹی کے انتظامات کے سلسلہ میں تمام انتظامات کو انتہائی احتیاط اور ذمہ داری سے سر انجام دینے کے لئے تمام محکموں نے بھر پور اقدامات کئے ہیں سرکاری محکموں کے ربط و رابطہ اور موثر حکمت عملی کے اظہار کے لئے فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر غلام مصطفی جٹ نے کہا کہ خانہ شماری و مردم شماری کا اہمیت طلب کام ضلع میں شروع کر دیا گیا ہے جس کے لئے تربیت یافتہ عملہ طے شدہ پلان کے مطابق اقدامات کرے گا اہلیان اوکاڑہ سے التماس ہے کہ وہ خانہ شماری و مردم شماری کے لئے کام کرنے والے فیلڈ عملہ سے تعاون کریں تاکہ یہ کام احسن انداز میں خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچ سکے۔