صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے سالانہ سبی میلہ مویشیاں 2023 کا افتتاح  کر دیا

8

کوئٹہ۔3مارچ  (اے پی پی):سالانہ سبی میلہ مویشیاں 2023 کا افتتاح سبی سٹیڈیم میں منعقد ہوا ،میلہ کا افتتاح صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی حاجی محمد خان لہڑی، سیکرٹری بلدیات دوستین خان جمالدینی ، سیکرٹری امور حیوانات ارشد بگٹی ، کمشنر سبی ڈویژن شاہد سلیم قریشی ، ڈپٹی کمشنر سبی منصور احمد قاضی ، ڈی آئی جی پی سبی رینج منیر احمد شیخ ، کمانڈنٹ سبی سکائوٹس کرنل ظفر، ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفیسر نوید احمد بلوچ کے علاوہ اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے ۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالداری ہو یا زراعت ،دیہی ترقی ہو یا جدید شہری ترقی ،ان سب کے لئے پر امن ماحول ہونا ضروری ہے ،امن اور ترقی کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور موجودہ حکومت امن و امان کو باقی تمام چیزوں پر ترجیح دیتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے سکیورٹی اداروں کے جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے صوبے میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم امن کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان اور دیگر تمام امور پر عسکری و سیاسی قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے اور عسکری و سیاسی قیادت کا ایک صف میں ہونا امن کے قیام کو برقرار رکھنے کے لئے خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے جس کے مثبت اثرات تمام شعبہ ہائے زندگی میں نظر آرہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل بہت روشن ہے اور ہمیں یقین ہے کہ بلوچستان کے نوجوان ملک دشمن عناصر کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے اور اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں گے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے بلوچستان کو پھر سے امن کا گہوارہ بنانے کا تہیہ کر رکھا ہے ،بلوچستان ہم سب کا گھر ہے ،آئیں ہم سب مل کر صوبے اور ملک کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم سب متحد ہونگے تو دشمن کو جرات نہیں ہو گی کہ وہ ہماری طرف میلی آنکھ سے بھی دیکھے ۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قبائلی تنازعات صوبے کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سبی میلے کے موقع پر میں تمام قبائلی عمائدین سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ قبائلی تنازعات کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔قبل ازیں چیئر مین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے مختلف درپیش مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا ۔انہوں نے سبی میلے میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں اور قبائلی عمائدین کو خوش آمدید کہا سبی میلے میں خطاب کے دوران صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری نے ڈویژنل پبلک سکول سبی کو دانش سکول کا درجہ دیا ،سبی شہر کی سیوریج کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 5 کروڑ روپے ، اس کے علاوہ سبی میں کیڈٹ کالج کے قیام کا اعلان بھی کیا ۔انہوں نے سبی شہر فراہمی آب کے لئے کمشنر سبی ڈویڑن کوپی سی ون بنانے کی ہدایت بھی کی اور اس کے لئے 5 کروڑ کا اعلان کیا ۔سبی میلے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے مختلف سکولوں کے بچوں کے لئے پانچ لاکھ روپے اور پریس کلب سبی کے لیے چار لاکھ روپے اور ایک ایک لاکھ پروگرام کے میزبان کے لیے اعلان کیا ۔اس سے قبل سبی میلے کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری کی آمد پر کمشنر سبی ڈویڑن شاہد سلیم قریشی نے انہیں خوش آمدید کہا اور انہیں روایتی بلوچی پگڑی بھی پہنائی ۔صوبائی وزیر نے سبی میلے کو شاندار طریقے سے منعقد کرانے میں خصوصی طور پر کمشنر سبی ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔