لاہور،16مارچ (اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سے ویت نام کے سفیر نوئین تیئن پھنگ نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ہے ،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،دو طرفہ تعلقا ت کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلی محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ویت نام کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات ہیں۔ ٹیکسٹائل،انفارمیشن ٹیکنالوجی، صحت،سیاحت اور تعلیم کے شعبو ں میں تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، باہمی وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلوں سے تعلقات میں اضافہ ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے،سیاحت کے شعبے میں ویت نام کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ویت نام نے چند برس میں اپنی معیشت کو مضبوط کیا ہے۔
ویت نام کے سفیر نگیوین ٹائن پونگ نے وزیراعلی محسن نقوی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ویت نام کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں،دو طرفہ تجارتی و معاشی تعلقا ت میں اضافے کا بہت پوٹینشل موجودہے،پاکستانی اشیاء کی ویت نام میں فروخت کے لئے سازگار ماحول فراہم کر یں گے۔