اسلام آباد،20مارچ (اے پی پی):وزارت اقتصادی امور اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشترکہ تعاون سے وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون (کاریک) کے تحت وسیع آزادانہ تجارتی معاہدے پر قومی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ اس ورکشاپ کا بنیادی مقصد وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے کو فروغ دینا تھا۔
ورکشاپ کا افتتاح سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن کاظم نیاز اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ینگ ژی نے کیا تھا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ورکشاپ وسطی ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون کے رکن ممالک کے درمیان وسیع تر آزادانہ تجارت کے معاہدے کے مفہوم کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاریک ممالک کے درمیان وسیع تر آزادانہ تجارتی معاہدے کے حوالہ سے مذاکرات کو آگے بڑھانا وقت کی ضرورت ہے اور اس سے رکن ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔
سیکرٹری اقتصادی امور نے کہا کہ پاکستان نے اپنی نئی تجارتی پالیسی میں مختلف شعبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ، بیرونی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ اور ٹیرف کو معقول بنانے پر خصوصی توجہ دی ہے۔ اس کے علاوہ تجارتی مسابقت میں اضافہ کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ورکشاپ کا دوسرا حصہ درمیانے درجے کے حکومتی افسران کو تربیت کی فراہمی تھا تاکہ مؤثر پالیسی سازی کو یقینی بنایا جا سکے۔