وہاڑی،05 اپریل (اے پی پی ): ضلع وہاڑی میں گندم خریداری مہم کے لیے باردانہ تقسیم کا آغاز کر دیا گیا ہے،اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے پی آر سینٹر وہاڑی پر بار دانہ تقسیم کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ گندم خریداری کے لیے تحصیل وہاڑی میں 12 مرکز گندم خرید قائم کئے گئے ہیں جہاں کسانوں کے لیے تمام تر سہولیات میسر ہیں حکومت کی کسان دوست پالیسی کے تحت کسانوں سے آخری دانہ تک گندم خرید کی جائے گی ۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ایک لاکھ 29 ہزار میٹرک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر ہے، باردانہ وافر مقدار میں موجود ہے اور کسانوں کو باردانہ کے حصول میں کوئی مشکل نہ ہو گی۔ گندم خریداری ہدف کے لیے ضلع بندی کر دی گئی ضلع کے خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر کے پولیس تعینات کر دی گئی ہے جبکہ فلور ملز 72 گھنٹے کی گرائنڈنگ کی ضرورت کے مطابق گندم رکھ سکیں گی کسان گھر کے لیے 25 من تک گندم رکھ سکیں گے۔
ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے گندم کی قیمت3900 روپے فی من مقرر کی ہے اور گندم مرکز خرید تک کے باربرداری اخراجات 10 روپے سے بڑھا کر 60 روپے فی بیگ کر دیئے ہیں۔
کسانوں کا گندم کی قیمت، بار برداری اخراجات میں اضافہ اور خریداری انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اس موقع پر اے ڈی سی آر محمد طیب خان ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی سید کامران بخاری ، ڈی ایف سی عبدالرحمن اور اے ایف سی اسد مہدی بھی موجود تھے۔











