سکھر،05 اپریل (اے پی پی):وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ صوفیوں اور بزرگوں کی سرزمین ہے ، جنہوں نے ہمیشہ انسانیت پیار اور محبت کا پیغام پہنچایا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انهوں نے بدھ کو رانی پور کے قریب حضرت سچل سرمست کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا افتتاح کرنے کی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ کے عظیم صوفی بزرگ ہفت زبان شاعر سخی عبدالوہاب سچل سرمست رح کے سالانہ 202 ویں عرس مبارک کا افتتاح کیا۔ سید مراد علی شاہ نے حضرت سچل سرمست کے مزار پر پہنچ کر درگاہ پر چادر چڑھائی ۔ سجادہ نشین خواجا عبدالحق فاروقی ، ركن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ، صوبائی وزیر اوقاف پیر سید احمد رضا شاہ عرف سید پیار علی شاہ اور دیگر ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر سچل یادگار کمیٹی کی جانب سے شائع ہونے والے میگزین سرمست 42 ، سوینئیر 32 اور محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے شائع ہونے والے خصوصی رسالے ( سچل سودو سچ جو ) کی رونمائی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محفل سماع ہال میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ صوفیوں کی سرزمین ہے جن کا پیغام پیار امن محبت اور انسانیت ہے ۔ان ہی صوفیوں کی وجہ سے سندھ ہمیشہ قائم و دائم رے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیر عبدالقادر شاہ انسٹیٹویٹ آف میڈ یکل سائنسز میں پھیپھڑوں کی بیماری کے حوالے سے (لنگز کئیر سنیٹر) کا افتتاح کریں گے جو پیپلزپارٹی کے لیے بڑی اعزاز کی بات ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس کڑی اور دکھی وقت میں سندھ کے عوام کی خدمت کررہی ہے،سخت بارشوں کی وجہ سے سندھ صوبہ متاثر ہوا اور عوام پریشان ہوئے۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سخت برسات کے نتیجے میں سچل سرمست کا مزار متاثر ہوا ہے جس کے لیے میں نے آرڈر کیا ہے جلد ٹیکنیکل ماہرین کی ٹیم بھیج کر مزار کو اسی حالت میں بہتر منصوبہ بندی کے تحت مرمت کی جائے گی اور یہ امن کی درگاہ ہزاروں سال قائم و دائم رہے۔
اس موقع پرسچل یادگار کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شرجیل نور چنا نے خطبہ استقبالیہ دیا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔











