سیف سٹیز اتھارٹی، ڈولفن فورس کا سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے پیشہ ور گداگروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کا آغاز

15

لاہور، 5 اپریل(اے پی پی): سیف سٹیز اتھارٹی اور ڈولفن فورس نے سیف سٹیز کیمروں کی مدد سے مختلف مقامات پر پیشہ ور گداگروں کے خلاف مشترکہ آپریشن کا آغاز کردیا ہے۔

  سیف سٹیز نے پیشہ ور گداگروں کے خلاف آپریشن کی ویڈیوز بھی جاری کر دی ہیں جن میں لاہور کے مختلف مقامات پر پیشہ ور گداگروں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ نشاندہی پر ڈولفن اینٹی بیگر سکواڈ نے پیشہ ور گداگروں کے خلاف آپریشن کیا۔ ایس پی سیف سٹی عائشہ بٹ نے گداگروں کی خلاف آپریشن کی نگرانی کی۔ سیف سٹیز کی نشاندہی پر اکبر چوک، پنڈی سٹاپ اور ماڈل ٹاؤن لنک روڈ سے گدا گروں کو حوالہ پولیس کیا گیا۔

اس حوالے سے ایس پی عائشہ بٹ نے کہا ہے کہ سیف سٹیز کیمروں سے پیشہ ور بھکاریوں کی نشاندہی اور انکے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سیف سٹیز اتھارٹی، لاہور پولیس، ڈولفن فورس اور ٹریفک پولیس گداگروں کے خلاف مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔