لاہور، 05 اپریل(اے پی پی): نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سیّد اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ مزارات پر زائرین کو بہترین سہولیات کی فراہمی اوّلین ترجیح ہے ، پنجاب حکومت نے بادشاہی مسجد کی تزئین وآرائش و بحالی کا پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر بادشاہی مسجد کی اصل حالت میں بحالی اور تزئین و آرائش کی جائے گی۔
بدھ کو اپنے بیان میں نگران صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور بیرسٹر سیّد اظفر علی ناصر کا کہنا تھا کہ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی اور دیگر اداروں کے اشتراک سے بادشاہی مسجد کی بحالی کا پراجیکٹ مکمل کیاجائے گا، بادشاہی مسجدلاہور کی تاریخ میں منفرد مقام رکھتی ہے اور یہ لاہور کی پہچان اورشناخت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزارات کی اصل طرزِ تعمیر کے مطابق بحال کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ایکشن پلان2023ء کے مطابق محکمہ میں اصلاحات کی جا رہی ہیں جبکہ اوقاف کمرشل پالیسی کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ اوقاف کومحصولات زر کی بر وقت وصولی، وسائل میں اضافہ اور ان کا صحیح استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔











