نوشہرہ ورکاں ؛ رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو مفت آٹا سپلائی کا سلسلہ جاری

14

نوشہرہ ورکاں،05 اپریل (اے پی پی ):وزیر اعظم میاں شہباز شریف کے حکم پر پنجاب بھر کی طرح ضلع گوجرانوالہ کی تحصیل نوشہرہ ورکاں میں رمضان پیکج کے تحت مستحق افراد کو مفت آٹا سپلائی کا سلسلہ جاری ہے اور یونین کونسل تتلے عالی میں اے ڈی ایل جی نوشہرہ ورکاں رانا عنصر جمیل کی نگرانی میں روزانہ کی بنیاد پر دس کلو گرام آٹا کے تھیلوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

تحصیل بھر میں قائم فری آٹا پوائنٹس کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں میاں اظہر طارق وٹو کر رہے ہیں ۔ انہوں نے تمام آٹا پوائنٹس پر فلور مل سے  سپلائی اور مستحق افراد کو آٹا فراہمی کا جائزہ لینے کے لیے دوروں کو معمول بنا رکھا ہے۔اس سلسلے میں اے ڈی ایل جی نوشہرہ ورکاں  رانا عنصر جمیل کا کہنا ہے کہ مستحق افراد کو آٹا کی مفت فراہمی کے لیے پالیسی کے مطابق عمل کیا جا رہا ہے، کسی بھی مستحق شخص کو مایوس نہیں رکھا جائیگا۔