اسلام آباد،5اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے شہریار شمس ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اقلیتی حقوق کیلئے قومی لابنگ کے وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی جس میں اقلیتوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کو اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے مزید اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
وفد نے سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے 5 فیصد کوٹہ اورسینیٹ میں اقلیتوں کی سیٹ بڑھانے، اقلیتوں کے مسائل کے حل کیلئے سینیٹ کی کمیٹی تشکیل دینے اور سینیٹری ورکرز کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانے کی سفارش کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور دین اسلام تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتاہے،اقلیتوں کے 5 فیصد کوٹے کے حوالے سے معاملات سینیٹ میں زیر بحث ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ میں اقلیتوں کے کوٹے کےحوالے سے بحث کیلئے موشن اور توجہ دلائو نوٹس لے کر آئیں گے۔اقلیتوں کے حقوق اور مسائل کے حل کیلئے سینیٹر لیاقت خان ترکئی کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ان کے ساتھ مل کر پاکستان کے کچھ علاقوں کا وزٹ پلان کر کے اقلیتوں کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرے تاکہ ان کے حل کیلئے بروقت اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ چیئرمین سینیٹ نے وفد کی گزارشات پارلیمانی کمیٹی برائے اقلیتی حقوق کو بھجوا دیں۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے اقلیتوں کے حقوق کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے صوبائی حکومتوں کو کمیٹیز مرتب کرنے کیلئے خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کو خطوط لکھ کر گزارش کروں گا کہ کمیٹیز مرتب کرے جو پارلیمانی کمیٹی کے ساتھ ملکر اقلیتوں کے حقوق اور ان کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹری ورکرز کے حقوق کے تحفظ اور ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی قانون لے کر آئے جس پر ایوان میں بحث ہو سکے۔ پاکستان میں وسائل محدود ہیں اور ہمیں بہت سے چیلجز کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اللّہ کی نعمتوں کا بھی شکر ادا کرنا چاہئے، ملک کے وسائل کو دیکھتے ہوئے مسائل حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے ہر 4 ماہ بعد اقلیتوں کے حقوق کیلئے قومی لابنگ وفد سے ملاقات رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔
وفد نے اقلیتوں کے مسائل کے حل میں دلچسپی ظاہر کرنے پر چئیرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔











