اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں کو سخت محنت کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زندگی میں ترقی اور کامیابی کے حصول کے لیے ناگزیر ہے۔ صدر مملکت نے ایوان صدر میں یتیم بچوں کے اعزاز میں افطار استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر ہمدردی، محبت کے ساتھ ساتھ بڑوں کا احترام کرنے کی خصوصیات پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے یتیم بچوں کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سخت محنت عملی زندگی میں ترقی کی نئی راہیں کھولے گی۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی سے مماثلت بیان کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی بچپن میں اپنے والد کو کھو دیا تھا۔ انہوں نے ایک قرآنی آیت کا بھی حوالہ دیا جس میں بچپن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یتیمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ‘کیا اس نے آپ کو یتیم پاکر پناہ نہیں دی ہے۔ اس موقع پر صدر مملکت بچوں کے ساتھ گھل مل گئے اور انہیں بتایا کہ ایوان صدر دراصل ان کا ہے۔ قبل ازیں پاکستان آرفنز کیئر فورم کے چیئرمین عبدالشکور نے اپنے خطاب میں کہا کہ 15 رمضان المبارک کو یتیموں کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 کے قریب فلاحی تنظیمیں پاکستان بھر میں 40 لاکھ سے زائد یتیم بچوں کی تعلیم، صحت، خوراک اور دیگر ضروریات کو پورا کر رہی ہیں۔ انہوں نے یتیم بچوں کی پرورش میں معاونت کے لیے حکومتی اور قومی سطح پر مربوط کوششوں پر زور دیا اور ا نہیں اپنی زندگیوں میں بہترین کارکردگی کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے پر زور دیا۔











