رمضان کے آخری عشرہ میں مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع کھولنے کا فیصلہ

16

ریاض، 10 اپریل(اے پی پی):رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں نمازیوں کی آمد کے پیش نظر عمومی صدارت برائے امور مسجد حرام و مسجد نبوی نے  مسجد الحرام کی تیسری سعودی توسیع کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے “عمومی صدارت”  کی نمائندگی کرنے والی “تیسری سعودی توسیعی ایجنسی” کے مطابق نمازیوں کی آمد کے حوالے سے پوری تیاری کرلی گئی ہے، تکنیکی ماہرین، مبصرین اور کارکن مسجد الحرام میں آنے والوں کے آرام اور ان کی حفاظت کے لیے چوبیس گھنٹے کام کر رہے ہیں،توسیعی عمارت کے تمام مقامات پر فیلڈ سروس کے منصوبے نافذ کیے گئے ہیں۔

رمضان کے آخری عشرہ کے لیے تیار کیے گئے منصوبوں کے مطابق جرول سرنگ اور جبل الکعبہ سے آنے والوں کے لیے تمام راستوں میں چوکوں کو تیار کیا گیا اور یہاں چوبیس گھنٹے صفائی اور خوشبو لگانے کے کاموں کو تیز کردیا گیا ہے۔ زمزم کے پانی پینے والوں کے لیے کولرز نصب ہیں اور ان کولرز کی حفاظت کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ تمام ہالز میں تیاریاں مکمل کی گئی ہیں اور قالینوں کو محفوظ کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں۔

اندرونی اور بیرونی روشنی کا نظام فعال ہے جبکہ تمام ساؤنڈ سسٹمز کو چلانے کے ساتھ ساتھ عمارت کے داخلی اور خارجی راستوں تک آواز کی رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔