وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے سیالکوٹ کے کاروباری رہنماؤں کے وفد کی ملاقات

21

 

اسلام آباد۔11اپریل  (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر سے سیالکوٹ کے ممتاز کاروباری رہنماؤں کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں برآمد کنندگان کو درپیش چیلنجز پر بات چیت کی گئی۔یہ اجلاس اسلام آباد میں وزارت تجارت میں ہواجس میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کے اراکین بشمول صنعت کاروں، برآمد کنندگان اور تاجروں نے شرکت کی ۔ کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز کے ساتھ ساتھ برآمدات کو فروغ دینے کے طریقوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر نوید قمر نے تاجر برادری کے تحفظات دور کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انھوں نے پاکستان کی معیشت میں ایک اہم شراکت دار کے طور پر سیالکوٹ کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور عالمی مسابقت اور بدلتی ہوئی مارکیٹ کی حرکیات کے پیش نظر مقامی کاروباروں کو درپیش چیلنجوں کا اعتراف کیا۔سیالکوٹ کے کاروباری رہنماؤں نے کئی مسائل اٹھائے جن میں چیمبرز کی رکنیت کے مسائل، بیوروکریٹک رکاوٹیں، اور کچھ پبلک سیکٹرز کی جانب سے حمایت کی کمی شامل ہیں۔نوید قمر نے ان مسائل سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات تجویز کیے۔انہوں نے طریقہ کار کو آسان بنانے اور نوکر شاہی کی رکاوٹوں کو کم کرنے کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔وفد نے سیالکوٹ چیمبر اور اس کی تاجر برادری کے لیے وفاقی وزیر تجارت کی کاوشوں کو سراہا۔دریں اثناء وفد نے وزیر تجارت کو مستقبل قریب میں کینیڈا میں ہونے والی تجارتی نمائش میں مدعو کیا جہاں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کی جائے گی۔تجارتی وفد کی قیادت سی ای او کیپ ماؤنٹ امپیکس پرائیویٹ لمیٹڈ گل شیر خان نے کی جس میں سابق چیئرمین سرجیکل ایسوسی ایشن محمد اشفاق، سینئر وائس چیئرمین سپورٹس گڈز ایسوسی ایشن ضرار دودی، وائس چیئرمین عمر زمان، رانا نصیر احمد،ضلعی جنرل سیکرٹری رانا سلیمان،  شہباز خان اور یاسر باجوہ۔