ملتان،12اپریل2023 (اے پی پی):مچھلی کی افزائش کے موسم کے آغاز کےساتھ ہی جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نے ماہی پروری کے شعبے کو فروغ دینے کے لئے سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔
اس سلسلے میں سیکرٹری جنگلات،جنگلی حیات اور ماہی پروری جنوبی پنجاب سرفراز خان مگسی نے گزشتہ روز ضلع بہاولنگر اور میاں چنوں کا دورہ کیا۔سیکرٹری ماہی پروری جنوبی پنجاب نے منچن آباد اور حاصل پور میں فش بریڈنگ اور سیڈ پروڈکشن سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے منچن آباد میں7 کروڑ 20 لاکھ روپے کی لاگت سے زیرتعمیر فش ہیچری کا وزٹ کیا اور ہیچری منیجرز کے لئے منعقدہ تلاپیہ کی پیدوار بڑھانے بارے ٹریننگ کا بھی افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو خوراک کی کمی کا سامنا ہے جبکہ مچھلی کی پیداوار بڑھا کر زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔
سرفراز خان مگسی نے کہا کہ فش فارمرز محکمہ ماہی پروری کے جانب سے فراہم کردہ تکنیکی معاونت سے استفادہ حاصل کریں۔
ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اور فشریز بھی انکے ہمراہ تھے۔