وزیراعظم محمد شہباز شریف کا ڈیرہ غازی خان میں مفت آٹا تقسیم مرکز کا دورہ

16

ڈیرہ غازی خان۔12اپریل  (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بدھ کو ڈیرہ غازی خان میں غازی یونیورسٹی میں قائم مفت آٹا تقسیم مرکز کا دورہ کیا، شہریوں کے مسائل سنے اور آٹے کے تھیلے خود بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اویس لغاری اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔  وزیراعظم نے آٹے کے تھیلے تقسیم کرنے کے نظام کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم کو متعلقہ حکام کی جانب سے آٹے کی فراہمی سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم فرداً فرداً لوگوں کے پاس گئے اور مستحقین کے مسائل سنے اور ان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی۔ ڈیرہ غازی خان میں مجموعی طور پر مستحق خاندانوں میں 13 لاکھ سےز ائد آٹے کے تھیلے تقسیم کرنے کا عمل جاری ہے۔ وزیراعظم نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفرگڑھ اور لیہ کی انتظامیہ کو مفت آٹے کی تقسیم کے بہترین انتظامات پر شاباش دی۔ اس موقع پر وزیراعظم سے مفت آٹا مرکز میں گرلز گائیڈز ایسوسی ایشن کی گرلز گائیڈز نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ضلع بھر کے گرلز کالجز کا نمائندہ فورم مرکز میں آٹے کی تقسیم میں پیش پیش ہے۔ وزیراعظم نے قوم کی بیٹیوں کو اس کارخیر میں حصہ ڈالنے پر سراہا۔ وزیراعظم نے گرلز گائیڈز کی ذمہ داریوں کے بارے میں دریافت کیا اور ان سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیراعظم نے کہا کہ چاروں صوبوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ پر دیئے جائیں گے او رجوبھی طالب علم یا طالبہ محنت کریں گے اور بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے انہیں لیپ ٹاپ دیئے جائیں گے۔