ملتان۔14اپریل (اے پی پی):شجاع آباد میں پولیس خدمت مرکز کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ترجمان ملتان پولیس کے مطابق آر پی او ملتان کیپٹن( ر )محمد سہیل چودھری نے سی پی او ملتان منصور الحق رانا کے ہمراہ جمعہ کے روز شجاع آباد میں خدمت مرکز کا افتتاح کیا۔اس موقع پر ایس پی صدر ڈویژن عزیر احمد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس خدمت مرکز شجاع آباد میں شہریوں کو وہیکل کلیرنس سرٹیفکیٹ، گمشدگی دستاویزات، ایف آئی آر کاپی، تجدید ڈرائیونگ لائسنس، اندراج گھریلوملازم، کریکٹر سرٹیفیکیٹ، ڈرائیونگ لرنرپرمٹ، انٹرنیشنل ڈرائیونگ پرمٹ، جرم کی اطلاع، موبائل فون ویری فیکیشن سروس، جنرل پولیس ویری فیکیشن، گمشدہ بچوں کی رپورٹ، اندراج کرایہ داران اور قانونی رہنمائی برائے تشدد خواتین کی سہولیات میسر ہوں گی۔ آر پی او نے اس دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدمت مرکز کا قیام شجاع آباد کے عوام کی سہولیات کے لئے عمل میں لایا گیا ہے،شجاع آباد اور گردونواح کے رہائشی یہ سہولیات شجاع آباد میں ہی حاصل کر سکیں گے اس سے قبل ان خدمات کے حصول کے لیے لوگوں کو طویل اور کٹھن مسافت طے کر کے ملتان شہر جانا پڑتا تھا۔سی پی او ملتان منصور الحق رانا نے کہا کہ شہریوں کی سہولیات کے لیے ضلع ملتان میں مختلف مقامات پر خدمت مراکز قائم کیے گئے ہیں ،جو انتہائی کامیابی کے ساتھ عوام کو قابل قدر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے تھانوں اور خدمت مراکز میں موثر سروس ڈیلیوری اولین ترجیح ہے۔











