لاہور، 15اپریل (اے پی پی): نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ہربنس پورہ میں قائم مفت آٹا سنٹر کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے سنٹر میں شہریوں کے لئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کل 25 رمضان المبارک کو پنجاب بھر کے مفت آٹا کے سنٹرز رات تک کھلے رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مفت آٹے کے تاریخ ساز پیکیج کا کل آخری روز ہے۔ سنٹرز پر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔
محسن نقوی نے سنٹر پرشہریوں کی تعداد کے مطابق سہولتیں اور انتظامات بڑھانے کا حکم بھی دیا اور مرد و خواتین سے سنٹرز پر انتظامات اور آٹے کی فراہمی کے بارے میں دریافت بھی کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے مرد و خواتین کی شکایات بھی سنیں اور فوری ازالے کیلئے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں ۔ محسن نقوی نے بعض شہریوں کے شناختی کارڈز کی تصدیق کا عمل خود کرایا اور آٹا دلوایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سنٹرز پر آنے والے ہر شہری سے عزت سے پیش آیا جائے اور جلد پراسیس مکمل کیا جائے۔ بزرگ شہریوں کو بلاتاخیر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
انھوں نے کہا کہ الحمدللہ شہریوں کو مفت آٹے کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے۔مفت آٹے کی فراہمی میں تعطل نہیں آنا چاہیئے اور سنٹرزپر موجود شہریو ں کو ہر صورت آٹا ملنا چاہیئے۔











