گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر اظہارِ اطمینان

25

 

بہاولپور،18اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی آفادیت اور کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب میں تعمیروترقی کا سفر مزید تیز کیا جائےش خطے کے تمام کالجز میں انڈونمنٹ فنڈ کی طرز پر فنڈ قائم کرنے کا جائزہ لیا جائے اور پرائویٹ سکولوں میں قرآن مجید کی لازمی تعلیم کے قانون پر عمل کرایا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بہاولپور میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر نے اجلاس میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی کارکردگی بارے بریفنگ دی۔

گورنر پنجاب نے سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر سے تمام ہسپتالوں میں ڈائلیسسز مشینوں کے فعال ہونےبارے دو یوم کے اندر رپورٹ طلب کی اور سیکرٹری انہار جنوبی پنجاب کو نہروں میں ٹیل تک پانی پہنچانے کےلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

گورنر محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی تمام یونین کونسلوں میں سٹاف کو شہریوں کے ساتھ بہتر انداز سے پیش آنیکی ہدایات جاری کی جائیں۔انہوں نے بہاولپور انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ  ٹیکنالوجی کے لئے زمین کے حصول کے لئے بورڈ آف ریونیو کو کیس ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

گورنر پنجاب نے  موٹروے جھانگڑہ لنک روڈ 30 جون تک مکمل کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ لنک روڈ کے لئے فنڈز کی کمی کی صورت میں وہ پنجاب حکومت سے خود بات کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور شہر میں سیوریج لائنز کے بلاکیج کے ایشوز کا سدباب کیا جائے۔انہوں نے   بہاولپور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی بہترین کارکردگی پر انتظامیہ کو خراج تحسین کیا۔

 اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ثاقب ظفر بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے خطےکی تعمیروترقی کے عمل میں تیزی آئی ہے اور مختلف شعبوں میں قابل فخرمنفرد منصوبے شروع کئے گئے ہیں۔انہوں  نے بتایا کہ نئے مالی سال کے  بجٹ میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مزید مالی خودمختیاری ملنے کی توقع ہے جس سے ایڈمنسٹریٹیو سیکرٹریز ماتحت اداروں کو بجٹ جاری کرسکیں گے اور مانیٹرنگ کا سسٹم مزید موثر ہوجائے گا۔