نوشھروفيروز، 18 اپریل (اے پی پی): ڈپٹی کمشنر شاہ زیب شیخ نے قومی شاہراہ کی مرمت کے باعث عید پر اپنے آبائی علاقوں کو جانے والےمسافروں کی تکلیف کا نوٹس لیتے ہوئے آج مورو, کنڈیارو اور بھریا کے علاقوں میں قومی شاہراہ( این- 5) کےمرمتی کام کا جائزہ لیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر مورو حسان ظفر، اسسٹنٹ کمشنر بھریا سٹی شاہد حسین سرکی اور اسسٹنٹ کمشنر کنڈیارو وقاص ملوک ،نیشنل ہائی وے اور موٹر وے پولیس کے افسران اور ڈپٹی ڈائریکٹر مینٹیننس نیشنل ہائی وے طاہر حسین صدیقی موجود تھے. اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بتایا گیا کہ ضلع کی حدود میں شاہ پور جہانیاں سے کوٹری کبیر تک 3 مقامات پرسڑک کی تعمیر کے لیے کام ہو رہا ہے اور تقریباً 30 کلو میٹر سڑک زیرِ تعمیر ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے نیشنل ہائی وے کے ڈپٹی ڈائریکٹر مینٹیننس کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کو جلد مکمل کیا جائے۔ کیونکہ عید الفطر کے موقع پر مسافروں کی بڑی تعداد اپنے آبائی علاقوں کی جانب سفر کرتی ہے اور ٹریفک کے رش اور تعمیراتی کام کی وجہ سے انہیں تکلیف ہوگی۔ انہوں نے موٹر وے پولیس کے افسران کو مرمت والی جگہوں پر اضافی نفری تعینات کرنے اور باقاعدہ سائن بورڈ آویزاں کر نے کی ہدایات دیں۔