لاہور، 19اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ریسورس موبیلائزشن کمیٹی کا پہلا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ہوا۔
اجلاس کو ریسورس موبیلائزشن کمیٹی کی ورکنگ، تجاویز اور اہداف کے بارے میں بریفنگ دی گئی اورگزشتہ سالوں کی ریسورس موبیلائزشن کی تجاویز کمیٹی کے سامنے رکھی گئیں۔
اجلاس کے دوران ان تجاویز پر عملدرآمد کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔کمیٹی نے سال23-2022 کیلئے ریورس موبیلائزشن کے حوالے سے پیش کردہ تجاویز کا بھی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے معاشی صورتحال کو مدنظر رکھ کر فیصلے کرنا ہیں،مختصر مدت میں عام آدمی کی فلاح کے لئے جو بھی بن پڑا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی بصیرت کے ساتھ معاشی استحکام کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے تاکہ ملک و قوم کا بھلہ ہو اور پاکستان ترقی کرے۔
صوبائی وزراء بلال افضل، ابراہیم مراد، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین پی آر اے اوردیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔











