اٹک، 19 اپریل (اے پی پی): فوڈ سیفٹی ٹیم نے فتح جنگ میں عید کے موقع پر جعل ساز مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کرکے 12 لاکھ مالیتی 2300 کلو غیر معیاری اور جعلی گھی برآمد کر لیا ہے جسے موقع پرتلف کر دیا گیا ۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی اٹک کے آفیسر ظہور حسین اورپی آر او حارث بٹ نے میڈیا کو بتایا کہ جعلی گھی میں استعمال شدہ گھی اور مضر صحت اجزاء کی آمیزش پائی گئی جس میں وٹامن اے اور دیگر ضروری اجزاء بھی موجود نہیں تھے۔انہوں نے بتایا کہ فوڈ لیب بھیجے گئے نمونوں کے ناقص نتائج آنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ غیر معیاری گھی کا استعمال کولیسٹرول،بلڈ پریشر جیسی موذی بیماریوں کا باعث بنتا ہے۔
قبل ازیں ضلع اٹک میں ایک ہفتے کے دوران پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ایکٹ 2011 کے تحت 13فوڈ بزنس آپریٹرز کو 25 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے ہیں جبکہ 121فوڈ بزنسز کو اصلاحاتی نوٹسز جاری کیے گئے، 20 کلو گرام ملاوٹی کیچپ اور 25کلوگرام ملاوٹی مصالحہ جات بھی موقع پر تلف کر دیا گیا۔
اٹک شہر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کرکے مختلف13 دودھ بردار گاڑیوں کا 2240 لیٹر دودھ جدید لیکٹو سکین مشین کی مدد سے چیک کیا گیا اور 7دودھ بردار گاڑیوں کا سیمپل فیل ہونے پر 28000جرمانہ عائد کیا گیاجبکہ 80لیٹر غیر معیاری دودھ موقع پر تلف کر دیا گیا۔











