ملتان 19 اپریل (اے پی پی ): ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان کا شہر کے مختلف چوکوں، گرین بیلٹس اور پارکوں کا دورہ، لینڈ اسکیپنگ، صفائی اور خوبصورتی میں اضافے کی ہدایات جاری کردیں۔ انہوں نے مدنی پارک میں اسپیشل بچوں کے لیئے مختص ڈس ایبل فرینڈلی انکلیو پارک کا دورہ بھی کیا صفائی اور دیگر انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے اس موقع پر سیوڑہ چوک سے ملحقہ گرین بیلٹ کا دورہ کیا اور گوڈی، چوکی سے خودرو جھاڑیوں کو صاف کرنے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے نانڈلہ چوک سے ناردرن بائی پاس تک سایہ دارپودے لگانے کے لئے احکامات جاری کئے۔بہاالدین زکریا یونیورسٹی چوک پر تھرڈ پارٹی کا جانب سے تعمیرکی گئی یادگارکے دورہ پر انہوں نے ناقص انتظامات اور یادگار کی تکمیل نہ ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی چوک کو خوبصورت بنانے کے لئے بنائی گئی یادگار کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ محمد اسامہ کی جانب سے ڈی جی پی ایچ اے کو یادگار کی تعمیر سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی۔انہوں نے ننگانہ چوک گرین بیلٹ پر کوڑا کرکٹ اکھٹا ہونے پر متعلقہ ڈیپارٹمنٹMWMCکی غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گرین بیلٹس کے اندر کوڑا کرکٹ پھینکنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔انہوں نے مدنی پارک میں اسپیشل بچوں کے لیئے مختص ڈس ایبل فرینڈلی انکلیو پارک کے دورہ کے موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسپیشل بچوں کے لئے مختص پارک میں صفائی اور دیگر انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہارٹی کلچر سعد قریشی، ڈائریکٹر مارکیٹنگ حافظ محمد اسامہ اور ڈائریکٹر انجینئرنگ عدنان بٹ ہمراہ تھے۔انہوں نے تمام آفیسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے ملتان کے پارکس، گرین بیلٹس اور چوکوں پر صفائی اور لینڈ اسکیپنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ آفیسران اپنے ماتحت عملہ کی نگرانی کریں اور پارکوں کی حالت کو مزید بہتر بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ایچ اے ملتان شہر کو سر سبز و شاداب بنانے اور شہریوں کے لئے تفریح کا انتظام کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھے گا۔











