وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھارت جائیں گے،دفتر خارجہ

14

اسلام آباد،20اپریل  (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4 اور 5 مئی کو بھارت کے شہر گوا میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)  کے وزراء خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ بات دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو یہاں پریس بریفنگ میں بتائی۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے ساتھ دیرینہ وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاسوں میں شرکت کرتا رہتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 4-5 مئی کو بھارت کے شہر گوا میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت کریں گے۔ وزیر خارجہ اپنے  بھارتی ہم منصب اور ایس سی او وزراء خارجہ کونسل کے موجودہ سربراہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کی دعوت پر ایس سی او سی ایف ایم اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ  اجلاس میں ہماری شرکت شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور عمل سے پاکستان کے عزم اور اس اہمیت کی عکاسی کرتی ہے جو پاکستان اپنی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں خطے کے لیے دیتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ سال جولائی میں تاشقند میں ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے آخری اجلاس میں بھی شرکت کی تھی۔   وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن نے ماحولیاتی تحفظ سے متعلق وزارتوں کے سربراہان کے چوتھے ایس سی او اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ یہ اجلاس 18 اپریل کو نئی دہلی میں آن لائن فارمیٹ میں ہوا۔

ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر نے ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے لیے ایجنسیوں کے سربراہان کے ایس سی او کے ماہرین کے اجلاس میں عملی طور پر شرکت کی جبکہ آج محمد ادریس محسود ممبر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن، ہنگامی حالات کی روک تھام اور خاتمے کے لیےایجنسیوں کے سربراہان کے ایس سی او اجلاس میں عملی طور پر شرکت کر رہے ہیں۔