کمشنر لاہور کی زیر صدارت شہر کو صاف ،سرسبز و خوبصورت بنانے سے متعلق اجلاس

17

لاہور، 20اپریل (اے پی پی): کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت شہر کو صاف  اور سرسبز و خوبصورت بنانے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ایل ڈبلیو ایم سی اور پی ایچ اے نے لاہور شہر کی صفائی اورسرسبز و خوبصورت بنانے پر جامع بریفنگ دی۔

کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے ہدایت دی کہ کوڑے کنٹینرز کو خالی کرنے کے اوقات کنٹینرز پر ہی  لکھے ہونے چاہئیں۔کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دو تا تین ہفتوں میں میکینکل سویپرز کی تعداد بڑھنے سے سڑکوں کی صفائی میں واضح ترین فرق سامنے آئیگا۔

سی ای او صاحبدین نے بتایا کہ ایل ڈبلیو ایم سی لوپ ہولز پر قابو پانے کیلئے تیزی سے کمپنی کو  ڈیجیٹائز کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی نے تمام کنٹینرز کی جیو ٹیگنگ مکمل کر لی ہے۔

کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ ایل ڈبلیو ایم سی سڑکوں پر ملبہ پھینکنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرائے۔

 پی ایچ اے نے کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کو جامع بریفنگ میں بتایا کہ پی ایچ اے نرسریز  کی صلاحیت 3لاکھ پودوں سے 10لاکھ تک بڑھا لی گئی ہے۔ گرین ہاؤسز سے پھولدار پودے سال کے سب موسموں میں دستیاب ہونگے۔

 محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ایل ڈی اے پی ایچ اے کو ایریاز فراہم کرے تاکہ زیادہ سے زیادہ گرین ہاؤسز بنائیں ۔

 کمشنر لاہور کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے پی ایچ اے نے لاہور میں پھولوں کی کیاریوں کو دوگنا کرلیا ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے  نے کہا کہ پھولوں کی کیاریوں کی تعداد 7649 سے 14865ہوگئی ہیں۔