چترال ،20 اپریل (اے پی پی ): آغوش الخدمت میں رہائش پذیر یتیم بچوں میں عید تحائف کے طور پر نئے کپڑے، جوتے اور عیدی تقسیم کی گئی۔
اس سلسلے میں آغوش ہاسٹل میں عید کے تحفوں کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں 47 یتیم بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔
یاد رہے کہ ان یتیم بچوں کیلئے عید کے یہ تحائف اسلامک سرکل جاپان نے بھیجے تھے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی صدر عبد الحق نے ان یتیم بچوں میں عید کے تحفے تقسیم کئے۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آغوش ہاسٹل میں ہمارے ساتھ 47 بچے رہائش پذیر ہیں اس کے علاوہ 53 بچوں کو ہم فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت ان کے گھروں پر اس ادارے کے زیر کفالت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید کے اس پرمسرت موقع پر ہم نے ان بچوں کو جن کو باہمت بچوں کا نام دیا گیا ہے ان میں عید کے تحفے تقسیم کئے تاکہ یہ بچے بھی خوشی سے اپنا عید منا سکے۔











