لاہور20اپریل ( اے پی پی ) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 14 واں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کی تمام مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے مارکیٹ کمیٹیوں کو تحلیل کرنے کے فیصلے کی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس میں دوران ملازمت شہید یا وفات پانے والے پولیس افسران و اہلکاروں کے بچوں و بچیوں کو بھرتی میں عمر کی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے اس ضمن میں پولیس رولز 1934 میں ترامیم کی منظوری دی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے عید تعطیلات پر صوبائی وزراء کو دارالشفقت، جیلوں اور ہسپتالوں کے دورے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں کم حیثیت طبقات کو شریک کریں، یہی آپ کی حقیقی عید ہے۔ کابینہ نے شالا مار باغ، قطب الدین ایبک مینار، شاہدرہ کمپلیکس بشمول مقبرہ جہانگیر، مقبرہ نور جہاں، مقبرہ آصف جاہ اور اکبری سرائے کا انتظامی کنٹرول والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کو منتقل کرنے کی مشروط منظوری دی۔ شاہی قلعہ کا بھی مکمل انتظام والد سٹی آف لاہور اتھارٹی کو دینے کی منظوری دی گئی۔ فوڈ آپریشن کے لئے مارک اپ میں 18 ارب روپے کی ریکارڈ کمی پر کابینہ نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے تشکر کا اظہار کیا۔ کابینہ نے اس ضمن میں سیکرٹری خزانہ کی کاوشوں کو بھی سراہا۔ کابینہ اجلاس میں رجب طیب اردوان ہسپتال ٹرسٹ کے زیرانتظام لاہور کے 5 تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کے آپریشنل اخراجات کو پورا کرنے کیلئے 200ملین روپے کے فنڈز کی منظوری دی گئی۔ سرگودھا میڈیکل کالج اور نواز شریف میڈیکل کالج گجرات کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے الحاق کرنے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔ کمیٹی اتھارٹی کے عہدوں پر بھرتی کے لئے طریقہ کار اور اہلیت کے معیار کا تعین کرے گی۔ ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے آرڈیننس کے نوٹیفکیشن کے اجراء کی توثیق کی گئی۔ لاہو رپارکنگ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے پر بلال فیروز کی تعیناتی کی منظوری دی گئی جبکہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر جاوید بدر کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کوئٹہ گیمز میں شرکت کے لئے اخراجات کو کم کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پنجاب فلم سنسر بورڈ کی از سر نو تشکیل کی منظوری دی گئی۔ توقیر احمد ناصر چیئرمین ہوں گے۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انورنے چاند رات اور عیدالفطر کے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بازاروں، مارکیٹوں اور شاپنگ سنٹرز پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔











