پشین،23اپریل(اے پی پی):خدمت خلق فاؤنڈیشن (انٹرنیشنل) عید کے پر مسرت موقع پر بھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ، چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ سنٹرل جیل پشین کا دورہ کیا، قیدیوں سے عید ملے اور عید گفٹس بھی تقسیم کیے۔
اس موقع پر چیئرمین نعمت اللہ ظہیر نے کہاکہ عید قیدیوں کے ساتھ گرارنے سے خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہیں، قیدی معاشرے کا حصہ ہے انہیں اکیلے پن کا احساس نہیں ہونے دینگے۔انہوں نے فاؤنڈیشن کے وسائل کے مطابق جیل کے بعض مسائل حل کرانے کا بھی اعلان کیا ۔
بعد ازاں جیلر نصیب اللہ نے چیئرمین نعمت اللہ ظہیر اور دیگر عہدیداروں کو جیل اور قیدیوں سے متعلق مکمل بریفنگ دی اور عید کے موقع چیئرمین نعمت اللہ ظہیر کی جانب سے جیل آمد اور قیدیوں کی حوصلہ افزائی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر قیدیوں نے جیل میں عید کا ماحول بنانے پر چیئرمین نعمت اللہ ظہیر کا شکریہ ادا کیا اور ان کیلئے خصوصی دعا کی۔











