ملتان ،27 اپریل (اے پی پی ): پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد کی سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب سے ملاقات، سیکرٹری کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی تفصیل کے مطابق پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے وفد نے صدر پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج کی سربراہی میں گزشتہ روز سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب رانا افضل ناصرسےملاقات کی اس دوران وفد نے انہیں نشتر ہسپتال میں ڈاکٹروں کے رہائشی ٹاور پر جلد از جلد عملی کام شروع کروانے کا مطالبہ کیا جبکہ نشتر 2 اور کارڈیالوجی توسیعی منصوبوں کو فوری مکمل کر کے ان میں ڈاکٹرز و سٹاف کی منظوری و بھرتی کرنے، نشتر ہسپتال میں ڈاکٹروں نرسز پیرا میڈیکس کی کمی کو فوری دور کرنے سے متعلق عملی اقدامات اٹھانے کا کہا گیا، پروفیسر ڈاکٹر مسعود الروف ہراج نے بتایا کہ نشتر ہسپتال ایمرجنسی کی لفٹ خراب ہے، ایمرجنسی میں ایکسرے فلم نہیں ہیں پورٹ ایبل ایکسرے مشین و الٹراساؤنڈ کی کمی ہے۔، ایمرجنسی میں لیبارٹری اپ گریڈ نہیں ہے،نرسز پیرا میڈیکس کی بدترین کمی ہے جبکہ چلڈرن کمپلیکس اور کارڈیالوجی ہسپتال میں ہاوس جاب بھی شروع نہیں کروائی جا سکی جبکہ نشتر ہسپتال کے ہاسٹلز کی حالت بھی ابتر ہے جنہیں فوری مرمت تزین و آرائش کی ضرورت ہے جبکہ نشتر ہسپتال اور چلڈرن کمپلیکس کی ایمرجنسی کو فوری توسیع کی ضرورت ہے۔











