لاہور، 27اپریل(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور چاول، گوشت، آم اور دیگر اشیاء کی ایکسپورٹ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو ایران کے دورے اور اصفہان میں ہینڈی کرافٹس نمائش میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
محسن نقوی نے ایران کے دورے کی دعوت دینے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اصفہان میں ہونے والی ہینڈی کرافٹس کی نمائش میں پنجاب کا وفد شرکت کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ چاول، گوشت،آم او ردیگر اشیاء کی ایران کیلئے ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے وفاقی حکومت کے ساتھ مل کر ممکنہ اقدامات کریں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر اینڈ میٹ کمپنی سے متعلق ایشوز کو جلد حل کیاجائے گا۔ ایرانی قونصل جنرل نے گفتگو میں کہا گیا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو درخشاں اور تابناک دیکھتے ہیں۔ ایران میں 60 فیصد چاول پاکستان سے آتے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل نے مزید کہا کہ چاول، گوشت، آم اور دیگر اشیاء میں دو طرفہ تجارت بڑھانے کی بڑی گنجائش ہے۔ محسن نقوی نے رمضان المبارک میں کھجور اور دیگر پھلوں کے ٹرک پاکستان بھجوانے پر ایرانی قونصل جنرل کا شکریہ ادا کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن او رچیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ بھی اس موقع پر موجود تھے۔











