میرپورخاص،30اپریل( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن کے مطابق سندھ سالیڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے جاری کیئے گئے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق مون سون بارشوں کے ہنگامی صورتحال کے دوران نالیوں، گلیوں اور روڈز پر کچرہ پھینکنے کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مد نظر رکھتے ہوئے دو ماہ کے لیے دفعہ 144 عائد کر دی ہے اور سندھ بھر میں احتیاطی اقدامات اٹھاتے ہوئے گلیوں، نالوں اور روڈز پر کچرہ نہ پھینکنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
حکومت سندھ کی جانب سے ہنگامی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے بڑے نالوں، گلیوں اور روڈز پر کچرہ نہ پھینکنے کے عمل کو پروان چڑھا کر لوگوں کو نالوں، گلیوں اور روڈز پر کچرہ پھینکنے سے گریز کی تاکید کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 پی پی سی کے تحت کیس رجسٹرڈ کر کے کارروائی کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے، اسی طرح ڈپٹی کمشنرز، اسٹنٹ کمشنرز ، مختیارز کو اختیارات حاصل ہوں گے وہ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کر سکیں گے۔











