فیصل آباد۔3مئی (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن سے 3300 کے قریب عازمین فریضہ حج کی سعادت کے حصول کیلئے حجاز مقدس روانہ ہوں گے جن کی رہنمائی اور انہیں ضروری امور سے آگاہی کیلئے وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام تربیتی اجلاسوں کا انعقاد شروع ہوگیاہے جبکہ اس ضمن میں 1100 عازمین حج کی تربیت اور رہنمائی کیلئے پہلا تربیتی اجلاس بدھ کو زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے اقبال آڈیٹوریم میں منعقد کیا گیا۔انہوں نے بتایاکہ مذکورہ اجلاس کے انعقاد کا مقصد فیصل آباد اور اس سے ملحقہ علاقوں کے عازمین حج کو مناسک حج کے بارے تفصیلات فراہم کرنا اور تربیت دینا ہے تا کہ حجاج کرام دوران حج تمام مناسک بطریق احسن ادا کر سکیں اور حج کے عظیم فریضہ کی ادائیگی کی درستگی کو یقینی بنانے سمیت انہیں اس مقدس سفر میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔عارف ظہورنے ’’اے پی پی ‘‘سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن سے امسال کل 3300 کے قریب عازمین فریضہ حج کی سعادت حاصل کریں گے جن میں سے 1100 کو بدھ کے روز جبکہ بقیہ 1100کو اسی جگہ پر جمعرات کو تربیت دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ دیگر عازمین اپنے اپنے متعلقہ اضلاع میں تربیت لے رہے ہیں۔عازمین حج کیلئے منعقدہ اس پہلے تربیتی اجلاس میں منیر حسین ہرل اور ڈاکٹر محمد سلیم نے عازمین حج کو تھری ڈی پریزنٹیشن کے ذریعے تمام مناسک کی ادائیگی بارے تفصیلات سے آگاہ کیا اور کعبہ کے ماڈل کے ذریعے طواف کے طریقہ کاربارے بھی رہنمائی فراہم کی۔اس موقع پر عازمین حج نے بڑے انہماک سے تربیتی سیشن میں حصہ لیا اور اسے انتہائی مفید قرار دیا۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے تمام عازمین حج کی مشروبات اور ریفریشمنٹ سے تواضع بھی کی گئی۔اجلاس کے آخر میں خواتین عازمین حج کیلئے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین ماسٹر ٹرینرزنے خواتین کو تربیت فراہم کی۔ڈپٹی ڈائریکٹروزارت مذہبی امور کی جانب سے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد،ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے سکاؤٹس اور محمد حسیب رفیق ڈسٹرکٹ سکاؤٹس سیکرٹری،سول ڈیفنس،ریسکیو1122 اور پولیس کا تربیتی اجلاس کے انعقاد میں بھرپور تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔











