الحمراء میں نامور شاعر امجد اسلام امجد اور ڈائریکٹر وپروڈیوسر ضیاء محی الدین کی یاد میں تعزیتی اجلاس، لیجنڈز کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا

15

لاہور، مئی 3(اے پی پی):  الحمراء میں نامور شاعر امجد اسلام امجد اور ڈائریکٹر وپروڈیوسر ضیاء محی الدین کی یاد میں تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں معین نظامی، عطاء الحق قاسمی، نوید ریاض، ڈاکٹر ضیاء الحسناور ڈاکٹر فاطمہ فیاض نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مرحوم لیجنڈز کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ اجلاس میں امجد اسلام امجد اور عطاء الحق قاسمی کی دوستی کے چرچے رہے۔ عطاء الحق قاسمی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرا اور امجد اسلام امجد کا تعلق 53 برسوں پر محیط ہے۔ میرا امجد اسلام امجد سے تعلق بے پناہ پُر لطف رہا۔ معین نظامی نے کہا کہ ضیاء محی الدین کے لئے گلستان کا لفظ استعمال کیا جائے تو وہ بھی کم پڑتا ہے۔  معین نظامی نے مزید کہا کہ امجد اسلام امجد ایک صاحب وقار انسان اور عظیم شاعر تھے۔  ڈاکٹر ضیاء الحسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امجد اسلام امجد کی طرف سے جو محبت ملی وہ اثاثہ ہے۔  ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراء محمد سلیم ساگر نے کہا کہ الحمراء نے اعلی خدمات سرانجام دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا ہے۔   الحمراء ٗامجداسلام امجد اور ضیاء محی الدین کے فن کو آگے بڑھاتا رہے گا۔  نوید ریاض نے امجد اسلام کے ساتھ بتائے وقت کے دلچسپ واقعات سنائے جن سے حاضرین محفل لطف اندوز ہوتے رہے۔ نوید ریاض نے کہا کہ ضیاء محی الدین سادہ مزاج، وطن سے محبت کرنے والے تھے اور ان میں تدریس کا جنون تھا۔ تقریب میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عوام نے امجد اسلام امجد اور ضیاء محی الدین کو انکی خدمات پر دل کھول کر داد دی۔