گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کردی

17

 پشاور، 3 مئی(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی سے اکاونٹنٹ جنرل خیبرپختونخوامرتضی خان، چیف ایگزیکٹیو پیسکو عارف سدوزئی اور سیکرٹری پی اینڈ ڈی خیام حسن خان نے بدھ کے روز گورنر ہاؤس میں الگ الگ ملاقات کی اور گورنر کو متعلقہ محکموں کی کارکردگی سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

چیف ایگزیکٹیو پیسکو نے گورنر کو صوبہ میں بجلی کی طلب ورسد اور لوڈشیڈنگ کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

انہوں نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی گورنر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنرنے کہا کہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اورگرمیوں سے قبل جہاں ٹرانسفارمرزاوربجلی کی ٹرانسمینش لائنز میں خرابیاں ہیں عوام کی سہولت کیلئے وہ جلد ازجلد دورکی جائیں۔نگران صوبائی حکومت بھی اس سلسلے میں کردار ادا کررہی ہے۔

سیکرٹری پی اینڈ ڈی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ صوبہ بھر میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی عوام کو خود کریں گے کیونکہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بننے والے روڈز، گلیاں، سکولز، ہسپتال کی غیرمعیاری کام کی نشاندہی عوام کی ذمہ داری ہے تاکہ تعمیراتی کاموں میں معیار کو یقینی بنایاجاسکے۔