اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):قومی اسمبلی کو سمندر پار پاکستانیوں کی وزارت کی جانب بتایا گیا کہ 2021 سے اب تک پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 73 فیصد سے زائد اضافہ ہو چکا ہے، او پی ایف کالج کی بسوں کو مزیدسبسڈی پر چلانا ناقابل عمل ہو گا۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں عالیہ کامران کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری آغا رفیع اللہ نے کہا کہ ریاست کے حالات اس کی اجازت نہیں دیتے کہ بچوں کو مفت سکول پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ فاضل رکن اگر وزیراعظم سے او پی ایف کو کوئی گرانٹ لے کر دیں تو یہ اس صورت میں ممکن ہوگا۔ او پی ایف نے آخری مرتبہ سکول بسوں کے کرایوں پر یکم اکتوبر 2022 کو نظر ثانی کی تھی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2021 میں ڈیزل کی قیمت 143 اور پٹرول کی 146 روپے فی لیٹر تھی ۔ اب ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں 73 فیصد سے زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ او پی ایف کے بچوں کے لئے ٹرانسپورٹ سہولت مزید سبسڈی پر چلانا ناقابل عمل ہوگا۔











