تحصیل انتظامیہ لیاقت پور اور خانپور کی جانب سے کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے نمبر دار کنونشن کا انعقاد

52

خانپور، 06 مئی ( اےپی پی):تحصیل انتظامیہ لیاقت پور اور خانپور کی جانب سے کپاس کی پیداوار میں اضافے کے لیے نمبر دار کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی نے نمبردار کنونشن کی صدارت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر لیاقت پور سرمد علی بھاگت،اسسٹنٹ کمشنر خانپور شبیر احمد ڈوگر، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت اقرار حسین  نے بھی نمبردار کنونشن میں شرکت کی۔

 اس موقع پر ڈپٹی کمشنر شکیل احمد بھٹی  نے کہا کہ امسال زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔ کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے حکومت پنجاب خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ حکومت نے کپاس کی امدادی قیمت کم از کم آٹھ ہزارپانچ سو روپے فی من مقرر کی ہے۔ کپاس ڈالر درآمد کرنے کا تیز ترین ذریعہ ہے ۔ ہم کپاس میں خود کفیل ہوجائیں تو 3ارب ڈالر کا زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ دیگر فصلوں کی اہمیت سے انکار نہیں مگر کپاس کی پیداوار میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے ۔ ہماری ٹیکسٹائل صنعت سمیت دیگر کئی صنعتوں کا دارومدار کپاس کی فصل پر ہوتا ہے۔ کپاس کے بیج پر سبسڈی جبکہ کھاد اور زرعی ادویات کی مقررہ نرخوں پر کسانوں کو دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ کپاس کی پیداوار کے حوالہ سے ہمارے ضلع کا شمار پہلے تین اضلاع میں ہوتا تھا۔ کپاس کی فصل کیلئے نہری پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔