اسلام آباد،07مئی (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں کی چیئر پرسن نیلو فر بختیار نے کہا ہے کہ معاشرے میں محبت ، امن ، رواداری اور برداشت کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے ، صوفیائے کرام کا کلام معاشرے میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیتا ہے ، ہمارا دین ہمیں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کرنا سیکھاتا ہے ۔ اتوار کو وہ پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں سوسائٹی آف ایشیئن سویلائزیشنز پاکستان کے زیر اہتمام صوفی نائٹ سے خطاب کر رہی تھیں ۔
صوفی نائٹ میں استاد شبیع سین نے صوفی کلام گا کر حاضرین کو خوب گرمایا ۔ انہوں نے صوفی شاعروں امیر خسرو ، بابا بلھے شاہ ، خواجہ فرید ، خواجہ نظام الدین اور دیگر کے کلام گا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی ۔
نیلو فر بختیار نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وہ امن کی شیدائی ہیں ، انسانیت سے پیار کرتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر یقین رکھتی ہیں کہ موجودہ صورتحال میں محبت و امن کے پیغام کو فروغ دینے کی سخت ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے میں برداشت ختم ہوتی جارہی ہے ، ہمیں ایک دوسرے کو برداشت کرنا ہو گا ، آج کے جو حالات ہیں ہم نے ملک کے کونے کونے میں نفرتیں ، کدورتیں پال رکھی ہیں انہیں ختم کرنا ہو گا ، اسی سے ہمارا ملک ترقی کرے گا اور معاشرے میں امن و استحکام پیدا ہوگا ۔
نیلو فربختیار نے کہاکہ ہمیں معاشرے میں پیار محبت کے پیغام کو پروان چڑھانا ہے کیونکہ یہ دلوں کو قریب لاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں مذہب کا اصل مفہوم کو سمجھنا ہو گا ، اسلام سمیت دنیا کے تمام مذاہب امن و رواداری کا درس دیتے ہیں ، ہمیں معاشرے میں پیار و محبت کو پھیلا کر دلوں کے فاصلے ختم کرنے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ صوفی ازم نے ہمیشہ محبت اور رواداری کا درس دیا ہے اور مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ اب بھی صوفی کلام کے چاہنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود ہے ۔اس موقع پر ایشین سوسائٹی برائے سویلائزیشنز کی صدر ڈاکٹر مقصودہ بیگم نے سوسائٹی کے امور کار پر روشنی ڈالی اور شرکاء کو خوش آمدید کہا ۔صوفی کلام کی اس محفل میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور صوفی میوزک سے لطف اندوز ہوئے اور خوب داد دی ۔











