سکھر بورڈ کے زیر انتظام نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات کا آغاز

10

سکھر،08 مئی (اے پی پی):سکھربورڈ کے زیر انتظام نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات پیر سے شروع ہوگئے ہیں ۔پہلے روز نویں جماعت کے طلباءسے انگلش کا پیپر لیا گیا،سکھر تعلیمی بورڈ کی جانب سے سکھر ، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع میں 190 امتحانی مراکز قائم گئے گے ہیں۔بورڈ کی مختلف ٹیموں نے امتحانی مراکز کا دوره کیا اور نقل کرنے میں ملوث متعدد طلبہ کو امتحانی مراکز سے باہر نکال دیا گیا ۔

اس حوالے سے چیئرمین سکھر بورڈرفیق احمد پلھ کا کہنا تھا کہ 190 امتحانی مراکز میں سے 46 مردانہ  ،34 زنانہ اور 110 مشترکہ ہوں گے ، سکھر ضلع 17 مردانہ ، 13 زنانہ  اور 23 مشترکہ سمیت 53 امتحانی مراکز ہوں گے  ،خیرپور ضلع میں 20مردانہ ، 16 اور 61 مشترکہ سمیت 97 مراکز قائم کئے گئے ہیں ،گھوٹکی ضلع میں 9 مردانہ  اور 5 زنانہ  اور 26 مشترکہ سمیت 40 مراکز بنائے گئے ہیں ، اس سال نویں جماعت کے 52114 اور دسویں جماعت کے 47037 طلباءامتحان دے رہے ہیں ۔چیئرمین بورڈ کا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کی جانب سے نقل کی روک تھام کے لیے 30 سے زائد چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔

امتحانات کے دوران دفعہ 144 نافذ رہے گی کوئی غیرمتعلقہ شخص امتحانی مراکز میں داخل نہیں ہوگا ، فوٹو اسٹیٹ اور کاپر مشینوں کے امتحانات کے وقت میں چلانے پر پابندی ہوگی۔