یوم ویساک پر وزارتِ خارجہ میں تقریب ، بدھ مت کے ثقافتی ورثے، گندھارا تہذیب کےفن پاروں، نقش پاروں اور تصاویری نمائش کا اہتمام

46

اسلام آباد، 05 مئی  (اے پی پی ): وزارتِ خارجہ میں بدھ مت کے بانی، سدھارتھ گوتم( بدھ) کے یومِ پیدائش ویساک کے موقع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس  میں  پاکستان کے بدھ مت کے ثقافتی ورثے اور گندھارا تہذیب کےفن پاروں، نقش پاروں اور تصاویر کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں سری لنکا، تھائی لینڈ، ویتنام، جاپان، جمہوریہ کوریا، میانمار، ملائیشیا، فلپائن، برونائی، انڈونیشیا اور نیپال کے سفیروں/ہائی کمشنروں اور نمائندوں نے شرکت کی جبکہ  قائم مقام سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی تقریب کے مہمان خصوصی  تھے ۔

اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ اپنے پیغام میں وزیر خارجہ نے ویساک کے دن کی مبارکباد دی۔ پاکستان کے کثیر الثقافتی اور متنوع ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے جنوب مشرقی اور جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ پاکستان کے ثقافتی روابط کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

تقریب سے  خطاب میں  قائم مقام سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو بدھ مت کے ورثے کے ساتھ خصوصی وابستگی پر فخر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی سرزمین ایک ہزار سالوں سے بدھ مت کے فن اور ثقافت کا گہوارہ اور بدھ مت کی مقدس سرزمین رہی ہے۔ انہوں نے کہا  کہ بدھ مت کی آمد اور ترقی کا تعلق پاکستان کی قدیم سرزمین سے تھا۔