لاہور، 08 مئی ( اے پی پی ) نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے فاطمید فاؤنڈیشن جوہر ٹاؤن کی جانب سے عالمی تھیلیسیمیا ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈاکٹر فرحانہ بشیر، شفیع اللہ، ڈاکٹر حامد اسلام، اظہار، فاطمید فاؤنڈیشن کے عہدیداران سمیت تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں اور ان کے والدین موجود تھے۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اس موقع پر تھیلیسیمیا سے متاثرہ بچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے۔اس موقع پر نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تھیلیسیمیا کے عالمی دن کے موقع پر شاندار تقریب کے انعقاد پر فاطمید فاؤنڈیشن کی کاوش کو سراہتے ہیں۔ اللہ پاک خدمت انسانیت کرنے والے شخص کو بہت پسند فرماتے ہیں،ہر مضبوط کوکمزور کاسہارا بننا چاہئے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال 5 ہزار بچے تھیلیسیمیا بیماری کا شکار ہوتے ہیں،پاکستان میں اس وقت 1 کروڑ سے زائد بچے تھیلیسیمیا بیماری کا شکار ہیں۔فاطمید فاؤنڈیشن میں تھیلیسیمیا کاشکار بچوں کامفت بون میرو ٹرانسپلانٹ کروائیں گے،پنجاب میں مربوط تھیلیسیمیا سکریننگ پروگرام شروع کر رہے ہیں۔چلڈرن ہسپتال لاہور میں پہلے سے ہی بون میرو ٹرانسپلانٹ کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ پنجاب کے تعلیمی اداروں میں دسویں جماعت سے پہلے ہر طالب علم کی تھیلیسیمیا سکریننگ کروانا چاہتے ہیں۔پنجاب میں تھیلیسیمیا سکریننگ کا جلد پائیلٹ پروجیکٹ شروع کریں گے۔محکمہ صحت فاطمید فاؤنڈیشن کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ بطور سربراہ پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن “آپکا کلینک” پر مفت علاج کی آفر دے رہا ہوں۔آپکا کلینک پر مریضوں کو علاج ، ادویات اور ٹیسٹوں کی مفت سہولت فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی قیادت میں عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بچوں کی تھیلیسیمیا سمیت دیگر بیماریوں کی سکریننگ بھی کریں گے۔











