وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج روات میں سالانہ سپورٹس ویک کا آغاز

43

 

راولپنڈی،8مئی(اے پی پی):وطیم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج   روات  میں  کالج کے سالانہ اسپورٹس ویک کا آغاز ہوگیا ہے ۔ کالج گراؤنڈ میں منعقد ہونے والی اس رنگارنگ تقریب کے مہمان خصوصی پرنسپل نسٹ سکول آف ہیلتھ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل (ر) عبدالخالق نوید تھے ، افتتاحی تقریب میں طلباء، فیکلٹی، عملہ اور معزز مہمانوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی

۔ علم طب سے وابستہ ممتاز مہمانان گرامی میں پرنسپل فضائیہ میڈیکل کالج میجر جنرل (ر) طاہر خادم، پرنسپل بے نظیر بھٹو شہید میڈیکل کالج آزاد جموں و کشمیر پروفیسر ڈاکٹر فیصل بشیر اور پرنسپل راول ڈینٹل کالج پروفیسر اسد شامل تھے۔

  چیئرمین سپورٹس کمیٹی پروفیسر نور السمیع نے خطبہ استقبالیہ میں کہا  کہ ہم وطیم کے سالانہ سپورٹس ویک کا افتتاح کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہے ہیں ، یہ ہمارے کالج کی مربوط تعلیمی پالیسی اور ہمارے طلباء کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر میجر جنرل (ر) عبدالخالق نوید نے کہا کہ انسان کھیل کے میدان میں بہت کچھ سیکھتا ہے ، کھلاڑی کی مثبت ذہن سازی ہوتی ہے ، ہار اور جیت سے انسان اعصابی طور پر مضبوط ہوتا ہے۔