صوبائی وزیر صنعت و تجارت کی زیر صدارت اجلاس،فلور ملوں کو گندم کی فراہمی، مارکیٹوں میں آٹے کی سپلائی، قیمتوں اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ  لیا گیا

25

لاہور، 12 مئی ( اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت و توانائی ایس ایم تنویر کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عاصم رضا احمد کی قیادت میں وفد کے علاوہ سیکرٹری خوراک خرم زمان وٹواور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فلور ملوں کو گندم کی فراہمی، مارکیٹوں میں آٹے کی سپلائی، قیمتوں اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وفد نے گندم خریداری کے حوالے سے مارکیٹ کو اوپن کرنے، نجی شعبہ کوگندم کی درآمد کی اجازت دینے اور فلور ملوں کو پرمٹوں کے اجراء کا مطالبہ کیا۔

صوبائی وزیر ایس ایم تنویر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کی مارکیٹوں میں وافر سپلائی کے حوالے سے حکومت اور فلور ملز ایک پییج پر ہیں اورفلور ملز نے جو مسائل اٹھائے ہیں وہ وزیر اعلیٰ کو پیش کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فلور ملز کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال گندم کی فی ایکڑ پیداوار کافی بہتر ہے جبکہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔انہوں نے  کہا کہ مارکیٹوں میں آٹے کی وافر سپلائی اور قیمتوں میں استحکام کے لئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔