لاہور، 12مئی(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبے میں قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ بلوائیوں کے سہولت کاروں کے خلاف بھی بھرپور کاروائی کی جائے گی اور ہرحملہ آور کی شناخت کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ او رجلاؤ گھیراؤ کر کے دہشت گردی کا بد ترین مظاہرہ کیاگیا۔کور کمانڈر ہاؤس سمیت سرکاری املاک پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے مطابق کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ محکمہ پراسیکیوشن دہشت گردی کے ان واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے اور شرپسندوں و حملہ آوروں کی شناخت کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہو ں نے مزید ہدایت کی کہ بلوائیوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی میں کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ صوبے میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اجلاس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس نے امن وامان کی صورتحال اور شر پسندوں کے خلاف جاری آپریشن کے بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔











