کوئٹہ،12مئی(اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا سیل کا مقصد نہ صرف حکومت کے خلاف منفی تنقید کا جواب دینا بلکہ حکومتی کارکردگی کو عوام تک پہنچانا ہے، سوشل میڈیا پر حکومت کی جانب سے تنقید کا موثر جواب فوری طور پر دیا جاسکے گا ،ڈیجیٹل میڈیا سیل سے حکومتی کارکردگی میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر کارکردگی دکھائے گا بجٹ کم ہونے کے باوجود کارکردگی کو نکھارتے ہوئے محکمہ اطلاعات بہتر کام کر رہا ہے۔
یہ بات چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے ورلڈ بینک کے تعاون سے محکمہ تعلقات عامہ میں قائم ڈیجیٹل میڈیا سیل کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کی کارکردگی قابل ستائش ہے جس کا کریڈٹ سیکریٹری ڈی جی پی آر اور آفیسران و عملے کو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آفیسران کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے اور انکی صلاحیتوں میں مزید نکھار پیدا کرنےکے لئےا قدامات کیے جائیں گے، نظامات تعلقات عامہ کے مستقل بنیادوں پر مالی مشکلات کم کرنے کے لئے جامع منصوبہ بندی اور ٹھوس حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ انھیں آئندہ کسی مالی مسئلے کا سامنا نہ کرنا پڑے بلکہ تمام امور حسن طریقہ سے چلتے رہیں دیگر صوبوں کی نسبت محکمہ اطلاعات بلوچستان کے بجٹ کا اگر موازنہ کریں تو یہ کچھ بھی نہیں ہے۔ مگر اس کے باوجود محکمہ کی کارکردگی قابل ستائش اور قابل تعریف ہے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز اور سینٹرم میڈیا نے محکمہ اطلاعات کے 10 انٹرنیز کو تربیت فراہم کی ہے جس کے بعد محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان اپنے کردار کو زیادہ احسن انداز سے نبھا پائے گا انہوں نے کہا کہ 20 سال کے بعد صوبے میں نیشنل گیمز کا انعقاد کیا جارہا ہے جو کہ صوبے کے لئے اعزاز ہے اور اس کی بہترین کوریج کیلئے میڈیا بھی اپنا کردار ادا کرے۔
اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات، صوبائی کوآرڈینیٹر جی پی پی راشد رزاق ڈائریکٹر جنرل تعلقات عامہ کامران اسد ڈائریکٹر محمد نور کھیتران و محکمہ کے دیگر آفیسران بھی موجود تھے۔











