ملتان: انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کے حوالے سے نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں تقریب کا انعقاد

136

ملتان، 12 مئی( اےپی پی): انٹرنیشنل نرسنگ ڈے کے موقع پر نشتر کالج آف نرسنگ کے زیرِ اہتمام حیات ظفر آڈیٹوریم نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد نرسسز کے معاشرے میں اعلیٰ مقام کا اعتراف کرنا اور انکی عظیم خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا تھا۔ تقریب کی مہمان خصوصی پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی جبکہ دیگر شرکاء میں سابق ڈائریکٹر جنرل نرسنگ میڈم شہناز قیوم، میڈم سلیمہ گلزار پی ایچ ڈی نرسنگ, میڈم لبنیٰ غزل اور ساؤتھ پنجاب کے تمام بڑے ہسپتالوں کی نرسنگ سپرنٹینڈنٹ سمیت سینئر نرسنگ سٹاف کی کثیر تعداد شامل تھی۔ تمام شرکاء نے نرسنگ سٹاف کی قربانیوں کی ستائش کی اور طب کے شعبے انکی کارکردگی کا شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ طب کے شعبے میں نرسسز کلیدی رول ادا کرتی ہیں اور جس محنت اور لگن سے نرسنگ سٹاف مریضوں کی دیکھ بھال میں ہمہ وقت مصروف رہتی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔ پرنسپل نشتر کالج آف نرسنگ و چیف آرگنائزر میڈم طاہرہ پروین نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں کی آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کا خصوصی طور پر ذکر کرتے ہوئے نرسنگ کے شعبے سے متعلقہ امور میں انکے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔