قومی زبان کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے ہم ٓاہنگ کرنے کا منصوبہ

23

 اسلام آباد، 16 مئی (اے پی پی):اردوکے بطور قومی زبان نفاذ کی جانب ایک اہم قدم،قومی زبان کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور آئی ٹی سے ہم ٓاہنگ کرنے کےمنصوبےکے تحت 7.8کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل لینگونچ پروسسنگ لیبارٹری (این ایل پی لیب) کے قیام کے پی سی ون  کی منظوری دے دی گئی۔

وزارت قومی ورثہ اور ثقافت ڈویژن، بطور مالی معاون جبکہ ادارہ فروغ قومی زبان اس منصوبے کے عملدرآمد کو یقینی بنائے گا۔منصوبے کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے اردو  زبان کی ترویج اور فروغ  ہے۔

 این ایل پی ، لیب  کے تحت جدید ٹیکنالوجیز کی مدد سے اردو اوردیگر زبانوں کا ڈیٹا اور اصطلاحات کو اردو کے قالب میں ڈھالا جائے گا۔منصوبے میں مشین ٹرانسلیشن (MT)، اسپیچ ریکگنیشن (SR) اور آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن (OCR) جیسی متعدد ایپلی کیشنز کی تیاری شامل ہے۔منصوبے کے تحت سرحد پار مواصلات اور تجارت کی آسانی ، آن لائن مواد تک رسائی ، ثقافتی تفہیم کا  فروغ ، اور زبان کے وسائل کو محفوظ رکھنے میں مدد ملے گی۔ 2015 میں سپریم کورٹ نے تمام سرکاری محکموں میں اردو کو سرکاری زبان کے طور پر نافذ کرنے کا حکم دیا تھا۔

ماہرین کا خیال ہے کہ یہ ٹیکنالوجی اردو متن کو بصارت سے محروم افراد تک آڈیو ُبک کی صورت میں رسائی دے گی اور  یہ ٹیکنالوجی دیگرمصنوعی ذہانت پر مبنی ایپلی کیشنز کے ساتھ اردو زبان کو مختلف پلیٹ فارمز پر زیادہ قابل رسائی اور قابل استعمال بنائے گی۔