سکھر،16مئی(اے پی پی ): گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے زیر اہتمام افواج پاکستان اور دیگر سکیورٹی اداروں کی حمایت میں بڑی ریلی نکالی گئی ، ریلی کی قیادت ممتاز مہر ، کاشف شاہ اور ضمیر گھنیو کر رہے تھے۔ ریلی اخوت نگر سے پریس کلب تک نکالی گئی،ریلی کے شرکا نے رینجرز پکٹس اور اہلکاروں پر پھول کی پتیاں نچھاور کرکے خراج تحسین پیش کیا، شہر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے زوردار نعروں سے گونج اٹھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بچل مہر نے کہا کہ پاک فوج نے ملک کے خاطر بیشمار قربانیاں دی ہیں، شرپسند اور ملک دشمن عناصر پاک فوج کے خلاف جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، ملک کی 22 کروڑ عوام پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ارباز عباسی نے کہا کہ پاک فوج ملک دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینے کا حوصلہ رکھتی ہے۔ محمد اسماعیل سومرو نے کہا کہ اپنے وطن کے لئے جان قربان کرنے کے لیے تیار ہیں۔افواج پاکستان کے خلاف گندی زبان برداشت نہیں کریں گے۔ ریلی سے کاشف شاہ، ممتاز مہر، ضمیر گھنیو و دیگر نے خطاب کیا۔











